کمٹہ:26؍جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرجان تاریباگلو کے مکین آنند وینکٹ رمن پٹگار کی نعش جمعہ کے دن مرجان تاریباگلو کی اگھناشنی ندی سے برآمد ہوئی ہے۔ نعش کا پتہ چلنے کے بعد آنند کے والد وینکٹ رمن وامن پٹگار نے کمٹہ پولس تھانے میں شکایت درج کرتے ہوئے قتل کا شبہ جتایا ہے۔
پولس تھانے میں درج کردہ شکایت میں آنند کے والد نے اپنے بیٹے کا قتل کرنے والوں کو سخت سزا دینے اور انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولس میں دی شکایت میں والد نے بتایا ہے کہ آنند وینکٹ رمن پٹگار 23جنوری کو تاریباگلو کے ایک گھر کو مزدوری کی رقم دینے نکلا تھا۔ اس دوران وہاں کے نوجوان چندرو سومیا امبیگا، سبھا ش ہمیا امبیگا، سنتوش اجیا امبیگا، سنجیا ایشور امبیگا،چندر ہاس ناگیش امبیگا، گوریش ہمیا امیبگاوغیرہ نے ان کے بیٹے کو روک کر مارپیٹ کی۔حملہ کا شکار ان کا بیٹا خوف کے مارے وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا۔ جان بچانے کے لئے جب وہ قریب کی اگھناشنی ندی کے کنارے واقع دلدل سے بھاگنےکی کوشش کی تو اس کوشش میں وہ ندی میں گر کر ہلاک ہو گیا۔ والد کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا آنند حملہ سے بچ نکلنے کےلئے ندی میں گرگیا تھا چونکہ وہ تیرنا نہیں جانتا تھا، اسی کے نتیجے میں اُس نے اپنی جان کھوئی ہے۔ دو دنوں بعد اب آنند کی نعش کا پتہ چلا ہے۔ والد وینکٹ رمن پٹگار نے اپنے بیٹے کی موت کےملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے اور انصاف فراہم کرنے کی مانگ کی ہے۔
آنند کی موت پر ناراض بھاسکر پٹگار، جی این گوڈا، کرشنا گوڈا، پانڈورنگا پٹگار سمیت پٹگار طبقہ کے سینکڑوں لوگوں نے پولس تھانہ کا گھیراو بھی کیا اور محکمہ پولس کے افسران کی طرف سے معاملے کی مناسب جانچ کرنے اور ملزموں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا، اس موقع پر لیڈران نے پولس کو متنبہ کیا کہ پولس نے اس تعلق سے اگر فوری کاروائی نہیں کی اور انصاف نہیں دلایا گیاتو آئندہ دنوں میں سخت احتجاج کیا جائے گا۔
کمٹہ پولس نے معاملہ درج کرنے مرجان تاریباگلو کے 6مکینوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے، پوچھ تاچھ جاری ہے۔ پولس نے بتایا کہ جانچ کے بعد سچائی ظاہر ہونےکی توقع ہے۔